مسلمان عورتوں کی تعلیم و تربیت اوران کے حقوق کی ادائیگی کا اہتمام کریں:مولانااسرارالحق قاسمی
کشن گنج18مارچ (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)معروف عالم دین اور ممبرپارلیمنٹ مولانا اسرارالحق قاسمی نے کشن گنج میں لڑکیوں کی عصری تعلیم وتربیت کے لیے مشہور اقامتی ادارہ ملی گرلز اسکول کی طالبات اور استانیوں کے مجمع کوخطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسلام نے خواتین کوہرطرح کے تعلیمی،معاشرتی ومعاشی حقوق سے نوازاہے اور انھیں عزت و احترام دیاہے۔انھوں نے حال میں برطانوی وزیر اعظم تھریسامے کے اس بیان کی ستائش کی کہ عورتوں کے لباس کومتعین کرنا ان کی حکومت کاکام نہیں ،جبکہ یورپی یونین کے حجاب پر پابندی کے فیصلے کوقابل مذمت اور جمہوریت کے لئے خطرناک قراردیا۔مولاناقاسمی نے کہاکہ یورپ اور مغربی دنیا کایہ رویہ افسوس ناک ہے کہ ایک طرف وہ فحاشی و بے حیائی کو بڑھاوادینے والے عناصر کی حوصلہ افزائی کرتی ہے،جبکہ مسلم خواتین کواپنے مذہب پر عمل کرنے میں لبرلزم کے نام پر دخل اندازی کرتی ہے۔ملی گرلز اسکول کے بانی و سرپرست مولانا موصوف نے کہاکہ اسلام نے ہر حال میں عورتوں کومکمل احترام اور عزت دی ہے اور مسلمانوں کو تاکید کی ہے کہ وہ اپنی ماں،بہن،بیٹی یا بیوی کے حقوق کو ادا کریں اور معاشرے میں ان کے مقام و مرتبے کا پاس و لحاظ رکھیں۔مولانا نے ان خواتین کو قابل مبارک باد قراردیا جو دنیا بھر میں حجاب کے اور دیگر عائلی مسائل کے خلاف سازشوں کے باوجود اسلامی احکام و ہدایات کومضبوطی سے تھامے ہوئی ہیں اور وہ اپنی زندگی اسلام کے بتائے ہوئے طریقوں کے مطابق ہی بسر کرنا چاہتی ہیں۔مولانا نے کہاکہ خود ہمارے ملک میں بھی مسلسل ایسی کوششیں ہو رہی ہیں کہ مختلف بہانوں سے مسلمانوں کے معاشرتی مسائل میں دخل اندازی کرکے ہماری خواتین کو اسلام اور اسلامی احکام سے دور کردیا جائے مگر اس کے باوجود ہماری خواتین اپنے مذہب کی تعلیمات پر مضبوطی سے عمل پیرا ہیں اور وہ دشمنوں کی چالوں کوناکام بنارہی ہیں۔مولانا نے اس موقع پر خاندان کے سربراہوں ، والدین اور سرپرستوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے گھروں میں ایک خوشگوار اسلامی ماحول قائم کرنے کی کوشش کرنی چاہئے اور اپنے بچوں اور بچیوں کی ایسی تربیت کرنی چاہئے کہ وہ کسی بھی حال میں گمراہی کاراستہ اختیار نہ کرنے پائیں۔مولانا نے کہا کہ ہمارے مذہب نے خواتین کو بھرپور حقوق دیے ہیں اور ہر مرحلہ پر ان کا خیال رکھاہے،ضرورت ہے کہ ہم اپنے گھراور معاشرے میں انھیں نافذ کریں،خواتین کا احترام کیا جائے اور ان کے حقوق کماحقہ دیے جائیں۔مسلم مینجمنٹ والے بچیوں کے تعلیمی اداروں کے ذمے داران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے یہاں ایسا ماحول بنائیں کہ ہماری بچیاں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اسلامی تربیت میں بھی ڈھل جائیں اور مستقبل میں وہ آنے والی نسلوں کی بہترین تربیت کرنے والی بنیں۔ اسکول کی پرنسپل نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ الحمدللہ ملی گرلز اسکول میں نہ صرف مسلم بچیوں کی معیاری عصری تعلیم کا بندوبست ہے،بلکہ یہاں حضرت مولانا اسرارالحق قاسمی کی سرپرستی و رہنمائی میں طالبات کی خالص اسلامی طریقے کے مطابق تربیت کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے ،اخیر میں انھوں نے تمام مہمانوں کا شکریہ اداکیا۔پروگرام کے شرکاء میں اسکول کے ڈائریکٹرمولانا سعودعالم ندوی ازہری،کولکاتہ کے انجینئروقار احمد خان ،دارالعلوم اسراریہ سنتوشپورکے مہتمم مولانانوشیراحمداور پروفیسر شفیع احمد وغیرہ قابل ذکرہیں۔